نئی دہلی،23 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) نئے زرعی قوانین کے خلاف کسان تنظیموں کا احتجاج بدستور جاری ہے۔ ادھر بی جے پی نے ایک پوسٹر جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں کسان کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) سے خوش ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ اس پوسٹر میں ایک خوش حال کسان کی تصویر بھی لگائی گئی تھی، اس کا نام ہری پریت سنگھ ہے۔ ہری پریت سنگھ جن کے پوسٹر کو خوشحال کسان کی حیثیت سے پنجاب بی جے پی نے پیش کیا تھا، وہ سنگھو بارڈر پر زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ہری پریت سنگھ کے پوسٹر کے حوالے سے سوشل میڈیا میں کافی ہنگامہ برپا تھا۔ اس کے بعد پنجاب بی جے پی نے اپنے فیس بک پیج سے یہ پوسٹر حذف کردیا ہے۔
ہرپریت سنگھ کے مطابق پنجاب بی جے پی نے اپنے پوسٹر میں ان کی 6-7 سال پرانی تصویر کا استعمال کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ میری اجازت کے بغیر بی جے پی نے میری تصویر اس وقت استعمال کی جب میں سنگھو بارڈر پر کھڑا ہوں اور نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہا ہوں۔